ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منی پور: تشدد کے سبب دفتر نہ جانے والوں کو نہیں ملے گی تنخواہ، حکومت ’کام نہیں، تنخواہ نہیں‘ اصول پر کرے گی عمل!

منی پور: تشدد کے سبب دفتر نہ جانے والوں کو نہیں ملے گی تنخواہ، حکومت ’کام نہیں، تنخواہ نہیں‘ اصول پر کرے گی عمل!

Tue, 27 Jun 2023 23:58:40    S.O. News Service

امھپال، 28 جون (ایس او نیوز/ایجنسی) منی پور میں جاری تشدد کے درمیان ریاستی حکومت نے اب سرکاری ملازمین پر ’کام نہیں، تنخواہ نہیں‘ اصول نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت یہ اصول ان ملازمین کے لیے نافذ کرے گی جو نسلی تشدد کے سبب پیدا مختلف وجوہات کے سبب چھٹی لیے بغیر دفتر نہیں پہنچ رہے ہیں۔

منی پور کے ایک سرکاری افسر نے کہا کہ ’’جی اے ڈی (جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ) نے سبھی ایڈمنسٹریٹو سکریٹریز سے ان ملازمین کی تفصیل دینے کو کہا ہے جو موجودہ حالات کے سبب اپنے آفیشیل کام پر نہیں پہنچ رہے ہیں۔‘‘ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریاست بھر میں ایسے سرکاری ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے جو دفتر نہیں جا رہے۔

منی پور حکومت میں تقریباً ایک لاکھ ملازمین ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً دو ماہ سے جاری نسلی تشدد کے سبب پورے منی پور میں 65000 سے زیادہ لوگ اپنے مقامات کو چھوڑ کر دوسری جگہوں پر منتقل ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد سرکاری ملازمین کی بھی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں سرکاری ملازمین نے راحتی کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔

واضح رہے کہ منی پور میں 3 مئی کو نسلی تشدد پھیلنے کے بعد سے اب تک 120 سے زیادہ لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 400 سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ تشدد میں بڑے پیمانے پر گھروں اور دیگر ملکیتوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ بڑی تعداد میں چرچ اور دیگر عبادت گاہوں کو بھی شرپسندوں نے نقصان پہنچایا ہے۔


Share: